ہفتہ 23؍ربیع الثانی 1444ھ 19؍نومبر 2022ء

ٹیم پاکستان 2030ء میں فیفا ورلڈ کپ کھیل سکتی ہے، عیسیٰ خان

قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان عیسیٰ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان 2030ء کا فیفا ورلڈ کپ کھیل سکتا ہے۔

کراچی سے جاری بیان میں عیسیٰ خان نے کہا کہ وہ پاکستان کی جانب سے فیفا کوالیفائنگ کھیل چکے ہیں، ملکی فٹبالرز کسی غیر ملکی کھلاڑی سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے معاملات ٹھیک، اسٹیک ہولڈرز کے اختلاف ختم ہوجائیں اور ٹیم میرٹ پر منتخب ہوجائے تو پاکستان میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

سابق قومی فٹبال کپتان نے مزید کہا کہ 2026 سے فیفا ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھ کر 48 ہوجائے گی، جس میں قومی ٹیم ورلڈ کپ کھیل سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک نے 2026 ورلڈ کپ کھیلنے کی مکمل تیاری کرلی ہے۔

عیسیٰ خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی فٹبال کو اپنے لوگوں نے نقصان پہنچایا ہے، نیپال کے خلاف پاکستان کا انٹرنیشنل میچ کھیلنا پیسہ کا ضیاع تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرکے قومی فٹبالرز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔

عیسیٰ خان پاکستان کی طرف سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں، وہ بھارت، افغانستان، کرغزستان، مکاؤ، اومان، نیپال، چائنیز تائپے، متحدہ عرب امارات اور بھوٹان کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.