ٹوکیو کے ہوائی اڈے پر مسافر طیارہ آگ کی لپیٹ میں، چھوٹے طیارے سے تصادم

ٹوکیو

،تصویر کا ذریعہEPA

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ہانیدا ہوائی اڈے پر جاپان ایئرلائنز کے ایک مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس میں سوار تمام 379 مسافروں اور عملے کو نکال لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مسافر طیارے کی کوسٹ گارڈ کے ایک چھوٹے طیارے سے ٹکر ہوئی جس کے بعد اس میں آگ لگی۔

پولیس کے مطابق کوسٹ گارڈ کے طیارے پر عملے کے چھ میں پانچ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ اس کے پائلٹ زخمی ہیں۔

واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر طیارہ پوری طرح آگ کی لپیٹ میں ہے۔ اس وقت ایئر پورٹ کے رن وے کی روشنیاں بھی جل رہی تھیں۔

امدادی ٹیمیں کئی گھنٹوں سے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ یہ طیارہ ہوکائیدو جزیرے کے شہر ساپورو سے ٹوکیو آیا تھا۔

جاپان ایئرلائنز کی پرواز 516 نے مقامی وقت شام چار بجے ساپورو ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی اور اسے پانچ بج کر 40 منٹ پر ہانیدا لینڈ کرنا تھا۔

ٹوکیو، طیارہ

،تصویر کا ذریعہAP

جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ’ہم فی الحال نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں۔‘

ٹوکیو کی پولیس نے ان اطلاعات کی تصدیق کی ہے کہ کوسٹ گارڈ طیارے کے عملے کے پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پائلٹ بُری طرح زخمی ہیں۔

طیاروں کے بیچ تصادم کی وجہ تاحال غیر واضح ہے۔ کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ کس وقت اور کیسے دونوں طیاروں کی آپس میں ٹکر ہوئی۔

اس سے قبل جاپان ایئر لائنز نے تصدیق کی تھی کہ اس کا طیارہ کوسٹ گارڈ کے طیارے سے ٹکرا گیا تھا۔

،ویڈیو کیپشن

ٹوکیو کے ہوائی اڈے پر طیارہ آگ کی لپیٹ میں

کوسٹ گارڈ کا طیارہ ہانیدا سے نیگاتا شہر کی طرف جا رہا تھا۔ اس کا مقصد پیر کو جاپان میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لینا تھا۔

ٹی وی فوٹیج میں جائے وقوعہ پر متعدد فائر ٹرک جبکہ جہاز میں آگ کے شعلے بھڑکتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

ایک خاتون نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ وہ اس طیارے میں سوار تھیں مگر خود قسمتی سے انھیں اس سے نکال لیا گیا اور اب وہ محفوظ مقام پر ہیں۔

روئٹرز نے ایئرپورٹ کے عملے کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد ہانیدا ایئرپورٹ نے تمام رن وے بند کر دیے ہیں۔

BBCUrdu.com بشکریہ