وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ٹماٹر اور پیاز کی برآمد پر پابندی لگانے کا اختیار وزیر خزانہ کو دے دیا گیا۔
وزیر خزانہ پیداوار اور طلب کا جائزہ لے کر اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔
نیشنل ریمیٹنس لائیلٹی پروگرام کی منظوری بھی دے دی گئی۔ جس کے تحت بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر بھجوانے والوں کو پوائنٹس کی بنیاد پر پی آئی اے ٹکٹ، موبائل سیٹ اور دوسرے انعامات دیے جائیں گے۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے دو لاکھ اسی ہزار ٹن گندم کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری دے دی گئی۔ کپاس کی قیمتوں کی تعین کے لیے حکومت فی الحال کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ کاشت کار کو حکومت کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ قیمت وصول ہورہی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے لیے تین لاکھ ٹن گندم کی فراہمی جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔
چھوٹے ہائیڈرو پاور منصوبوں کیلئے پاور جنریشن پالیسی 2015 کے تحت سکیورٹی معاہدے کی منظوری کے لئے سی سی او ای کو بجھوا دیا گیا۔
مقامی سطح پر بننے والی کورونا کی تشخیص کی مشینوں پر ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ دینے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا۔
Comments are closed.