ووٹنگ کا نیا ریکارڈ۔۔۔ صرف 30 سیکنڈ میں پورے گاؤں نے ووٹ ڈال دیے
سپین کے بیلٹ پیپر
آپ نے تیز دوڑنے، تیز ترین تیراکی، فارمولہ ریس وغیرہ کے ریکارڈز کے بارے میں تو سنا ہو گا اور دلچسپی بھی رکھتے ہوں گے لیکن تیز ترین ووٹنگ کے بارے میں آپ نے شاید ہی سنا ہو۔
گذشتہ ہفتے کے آخر میں سپین کے گاؤں میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں تیزی سے ووٹ ڈالنے کا واقعہ سامنے آیا اور پورے گاؤں نے صرف 30 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ووٹ ڈالے۔
صوبہ لا ریوجا کے ایک چھوٹے سے گاؤں ولارویا کے سات رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنے ہی ریکارڈ کو توڑ دیا۔ اس سے قبل ان کا ریکارڈ 32 سیکنڈ میں ووٹ ڈالنا تھا۔
موجودہ میئر سالواڈور پیریز سنہ 1973 سے اس عہدے پر برقرار ہیں۔ انھوں نے ہسپانوی میڈیا کو بتایا کہ ’مجھے یہ نہیں معلوم کہ مجھے ساتوں ووٹ ملیں گے یا نہیں لیکن یہ تقریباً یقینی ہے کہ مجھے ملیں گے۔‘
میئر پیریز نے کہا کہ ولارویا کے رہائشی ’بہت تربیت یافتہ‘ ہیں اور آج صبح پولنگ شروع ہوتے ہی وہ اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے تیار تھے۔
محض 29 سیکنڈ اور پھر ایک سیکنڈ کے 52 ویں حصے کے بعد ولارویا میں ووٹنگ مکمل ہو گئی تھی جو سپین میں ووٹنگ مکمل کرنے والی پہلی نشست بن گئی۔
مسٹر پیریز نے اعتراف کیا کہ اس گاؤں کے لوگ شاید کاسٹیلا لا منچا کے ایک گاؤں ایلان ڈی ویکاس کے ساتھ مقابلہ رکھتے تھے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد صرف تین ہے۔
واضح رہے کہ سپین کے بلدیاتی انتخابات کو سال کے آخر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے ایک آزمائشی دوڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Comments are closed.