پاکستان کے سابق کپتان و فاسٹ بالر وسیم اکرم نے ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹر ارشدیپ سنگھ سے ہونے والی ملاقات میں انہیں کنفیوژ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ارشدیپ سنگھ کے کوچ جسونت رائے نے بھارتی کرکٹر اور وسیم اکرم کی متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دلچسپ ملاقات کی کہانی ایک انٹرویو میں بیان کردی۔
جسونت رائے کا کہنا تھا کہ ارشدیپ نے وسیم اکرم سے ہونے والی ملاقات اور گفتگو کے بارے میں بتایا کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بالر نے میری تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’سردار جی تم اچھے بالر ہو اور بالنگ بھی بہت اچھی کرا رہے ہو‘۔
جسونت رائے نے کہا کہ وسیم اکرم نے ارشدیپ سے کہا کہ اگر تم خود کو پرفیکٹ سمجھتے ہو تو میرے پاس مت آنا لیکن اگر تمہیں کچھ پوچھنا ہو یا مجھ سے کچھ سیکھنا ہو تو تم کسی بھی وقت میرے پاس آسکتے ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارشدیپ نے بتایا کہ وسیم اکرم کی بات پر وہ رات کو ہوٹل جاکر سوچتے رہے کہ اگر میں وسیم اکرم کے پاس نہ گیا تو انہیں برا لگے گا اور وہ سمجھیں گے کہ سردار جی کو سب پتا ہے۔
جسونت رائے نے بتایا کہ اگلے دن ارشدیپ سنگھ نے وسیم اکرم سے ملاقات کرکے گفتگو کی تھی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں پاک بھارت میچ میں خراب فیلڈنگ کرنے پر ارشدیپ سنگھ پر سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی گئی تھی جس کے بعد وسیم اکرم نے انکی حمایت میں بیان دیا تھا۔
Comments are closed.