وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ پاکستان نے ایس سی او میٹنگ میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے کلبھوشن کو دہشت گرد کہا اور کشمیر کاز اجاگر کیا، جس سے بی جے پی اور پی ٹی آئی کو تکلیف ہے۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایس سی او میٹنگ میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی ہے لیکن میٹنگ کے بعد بھارت کے وزیرخارجہ کی پریس کانفرنس ان کی تنگ نظری ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورانِ میٹنگ بلاول بھٹو نے واضع کیا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ انہوں نے کل بھی یہ ہی کہا کہ ہمیں مل کر خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ خطے میں علاقائی کنیکٹویٹی کے لئے سی پیک جیسے اہم منصوبے پر صرف بھارت کو تکلیف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور میزبان بھارتی وزیرِخرجہ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا ثبوت دینا چاہیئے تھا لیکن لگتا ہے بھارتی وزیر کی پریس کانفرنس صرف آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کو خوش کرنے کے لیئے تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کے خلاف آواز بلند کیا، انہوں نے بھارت کی سر زمین پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کلبھوشن کو دہشت گرد کہا اور عمران نیازی اس کی وکالت کرتا رہا، عمران نیازی کا بس چلتا تو بھارتی پائلٹ کی طرح کلبھوشن کو بھی رہا کردیتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ افسوس کہ پاکستان کے وزیرِخارجہ پر تنقید کرکے پی ٹی آئی مودی سے اظہار یکجہتی کرتی نظر آئی۔ وزیر خارجہ پاکستان کے بیانیہ سے بی جے پی اور پی ٹی آئی کو ایک جیسی تکلیف ہے۔
Comments are closed.