وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں 2 سے 3 تبدیلیوں کی تصدیق کردی اور کہا کہ کچھ روز میں کابینہ میں رد و بدل ہوگا۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں دو 3 تبدیلیاں کچھ روز میں ہوجائیں گی۔
انہوں نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوا سال میں اچانک چینی کی قیمت 26 روپے اوپر چلی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ میں کیا کرتا؟ انہوں نے کارٹیل بناکر عوام کو لوٹا ہے، 60 سے 70 شوگر ملوں کی جیبوں میں 140 ارب روپے چلے گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، سب کی بات سننے کو تیار ہوں، کسی کو تحفظات ہوں تو بات کرسکتا ہوں، یہ نہیں ہوسکتا کہ غریب کیلئے قانون اور امیر کیلئے اور ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مدینہ کی ریاست بننے سے قبل حالات خراب تھے، طاقتور کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا تو حالات بہتر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اربوں روپے کرپشن کی ان کے شواہد موجود تھے، معاشرہ سزا نہیں دے گا تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
عمران خان نے یہ بھی کہاکہ پاکستان میں کبھی کمزور طبقے کے بارے میں سوچا ہی نہیں گیا، ملک میں مہنگائی ایک بڑے مسئلے کی چھوٹی وجہ ہے، رمضان پیکیج خود مانیٹر کر رہا ہوں۔
Comments are closed.