نیو کراچی سیکٹر الیون جے میں زری کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیوں کی مدد سے قابو پالیا گیا ہے، آتشزدگی کے نتیجے میں عمارت میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
سیکٹر الیون جے میں زری فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ عمارت کی تیسری منزل پر لگی جہاں زری کا کام کیا جارہا تھا، آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا جبکہ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فیکٹری ملازمین اور چھت پر موجود چوکیدار کے اہل خانہ کو باحفاظت فیکٹری سے باہر نکال لیا۔
واقعے کے بعد واٹر بورڈ کی جانب سے مختلف ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔
فائربرگیڈ کی 3 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، فائر آفیسر کے مطابق نیو کراچی فائر اسٹیشن ٹیکنیکل خرابی کے باعث بند ہے جسکے باعث سہراب گوٹھ فائر اسٹیشن سے گاڑی طلب کی گئی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا سامان اور مشینری جل کے خاکستر ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ زری مشین میں خرابی کی سامنے آئی ہے۔
Comments are closed.