جمعرات 20؍جمادی الاول 1444ھ 15؍دسمبر 2022ء

نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کا اعلان

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹیسٹ کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے، دورۂ پاکستان کیلئے ٹم ساؤتھی بلیک کیپس کی قیادت کریں گے۔

کین ولیمسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی اُن کیلئے ایک ناقابل یقین اعزاز رہا ہے، انہوں نے ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کے چیلنجز کا شاندار لطف اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کپتانی میدان کے اندر اور باہر کام کا بوجھ بڑھا دیتی ہے، اپنے کیریئر کے اس مرحلے میں مجھے لگتا ہے کہ یہ فیصلہ لینے کا صحیح وقت ہے۔

کین ولیمسن نے مزید کہا کہ بورڈ کے ساتھ بات چیت کے بعد محسوس کیا کہ آئندہ دو سالوں میں 2 ورلڈ کپ کے ساتھ وائٹ بال فارمیٹس کی کپتانی برقرار رکھنا چاہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹم ساؤتھی کو بطور کپتان اور ٹام لیتھم کو نائب کپتان کی حیثیت سے سپورٹ کرنے کیلئے پرجوش ہیں، اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ ان دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد انہیں یقین ہے کہ وہ دونوں اچھا کام کریں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کیلئے اپنے 15 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے وائٹ بال کرکٹ کپتان نے کہا کہ بلیک کیپس کیلئے کھیلنا اور تینوں فارمیٹس میں اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانا ان کی پہلی ترجیح ہے، وہ آگے چل کر بھی اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پرامید ہیں۔

واضح رہے کہ کین ولیمسن نے 2021 میں بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں فتح دلوائی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.