نیشنل ٹی20 کپ کے 15ویں میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
خیبرپختونخوا کی ایونٹ میں یہ چوتھی فتح ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سندھ کے بعد دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
بلوچستان کا ایونٹ میں یہ چھٹا میچ تھا، وہ صرف 2 فتح سے ہمکنار ہوئی جبکہ 4 میں شکست سے دوچار ہوچکی ہے تاہم وہ پوائنٹس ٹیبل پر سدرن پنجاب سے اوپر ہے، جو اب تک ایونٹ میں کوئی میچ نہ جیت سکی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں امام الحق کی انجری کے باعث بلوچستان کی کپتانی بسم اللّٰہ خان نے کی اور ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
خیبرپختونخوا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 202 رنز بنائے اور بلوچستان کے لیے 203 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
خیبرپختونخوا کی طرف سے کوئی بھی بیٹسمین نصف سنچری اسکور نہ کرسکا، صاحبزادہ فرحا ن نے 43، کپتان محمد رضوان نے 40، افتخار احمد نے 36 اور عادل امین نے 26 رنز اسکور کیے۔
بلوچستان کے کاشف بھٹی نے 2، خرم شہزاد، عماد بٹ اور جنید خان نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
ہدف کے تعاقب میں سہیل اختر کے ناقابل شکست 61 رنز کے باوجود بلوچستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 147 رنز تک محدود رہی۔
عبداللّٰہ شفیق 24، حارث سہیل اور عمید آصف 17، 17 رنز بنانے میں کامیاب رہے تاہم کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہ دے سکا۔
خیبرپختونخوا کے آصف آفریدی اور ارشد اقبال نے 3،3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
4 اوورز میں 8 رنز دے کر 3 وکٹ لینے والے آصف آفریدی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
Comments are closed.