جمعہ 19؍ربیع الاول 1445ھ6؍اکتوبر 2023ء

نواز شریف کی حفاظتی ضمانت سے متعلق قانونی ٹیم نے تیاری کرلی ہے، رانا ثنا اللّٰہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کیسز میں حفاظتی ضمانت لینے کا ارادہ ہے، ان کی حفاظتی ضمانت سے متعلق قانونی ٹیم نے تیاری کرلی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد جلسے کی صورت میں نواز شریف کا استقبال کرے گی، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کے کیس کی سماعت ہو چکی، جس میں ضمانت مل چکی ہے۔

ڈاکٹر اشرف چوہان نے کہا کہ نواز شریف کے طبی معائنہ کے بعد ابھی ایک دوا تجویز کی ہے، پلٹ لیٹس سے متعلق نواز شریف کا علاج مستقل جاری ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کی ضمانت ملنے کے امکانات بہتر اور روشن نظر آرہے ہیں، ہم قانونی جنگ ضرور لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف خود پر لگے الزامات کا سامنا کریں گے، 16 ماہ کی مشکلات اور جو کچھ کیا وہ عوام کے سامنے رکھیں گے، ماضی میں بھی نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالا، نواز شریف نے ہمیشہ آخری حد تک کوشش کی کہ ملک کے حالات نہ بگڑیں، انہوں نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے کوشش کی ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کو 16 ماہ میں ہم بھی کنٹرول نہیں کر سکے، عام آدمی بہت پریشان ہے، مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، حکومت میں آکر فلاں کو جیل میں ڈال دیں گے، اس قسم کے نعروں کی اب اہمیت نہیں۔

رانا ثنا  نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے غلط عزائم کی وجہ سے مشکلات میں ہیں، وہ کسی سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بن رہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن 9 مئی کے واقعات کے بعد ہو رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.