پیر7؍رجب المرجب 1444ھ 30؍جنوری 2023ء

ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اللّٰہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو و متحد ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے، وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا۔

پولیس کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی جس کے دوران پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ان کایہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ صوبوں بالخصوص کے پی کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں۔

وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی ، اہلخانہ کے لیے صبراورزخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے 17 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی جس کے دوران پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

خود کش دھماکے سے پولیس لائن کی مسجد کی چھت منہدم ہو گئی، جس کے ملبے تلے متعدد افراد ابھی بھی دبے ہوئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.