پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے پہلے ہی پتہ تھا کہ الیکشن کمیشن کیا فیصلہ سنائے گا، الیکشن کمیشن مافیا کا حصہ ہے۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے پہلے ہی پتہ تھا اس کا رزلٹ کیا آنا ہے، کل رات تمام اراکین کو واٹس ایپ کے ذریعے بتایا تھا، میں نے سب کو بتا دیا تھا کہ مجھے ڈس کوالیفائی کر دینا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مجھے اور نواز شریف کو ایک طرف دکھایا جا رہا ہے، نوازشریف چور ہے، اس کے بچوں کے پاس بڑے بڑے محلات ہیں، نواز شریف اس ملک کا بڑا مجرم ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ نواز شریف ایک رسید نہیں دکھا سکا کہ پیسا کہاں سے آیا، میں نے عدالت میں ایک ایک رسید دکھائی، میں اپنا پیسا بینک کے ذریعے باہر سے ملک لے کر آیا، جس آدمی کی ساری جائیدادیں اپنے نام پر ہیں اس کو نا اہل کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ بڑے بڑے مجرموں کو بچایا جا رہا ہے جن پر اربوں روپے کے کیسز ہیں، جو 26 سال سے قانون کی بالا دستی کی جدوجہد کر رہا ہے اس پر کیسز کر رہے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میری جتنی بھی زندگی ہے ان چوروں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہے، جب تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا، ہم فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں میں آپ کو کال دوں گا، لوگوں سے کہتا ہوں احتجاج ختم کر دیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سکڑ کر فیملی پارٹیز ہوگئی ہیں، مافیا پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، 25 مئی کو پولیس نے بےگناہ شہریوں پر تشدد کیا، میرے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کروائے گئے، شہباز گل کے خلاف بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کروائے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ سائفر آج بھی موجود ہے جس کے بعد ہماری حکومت گرائی گئی، الیکشن کمشنر نے ہمیشہ ہمارے خلاف فیصلے دیے ہیں، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے، توشہ خانہ کا قانون آصف زرداری اور نوازشریف نے توڑا، حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، اب احتجاج لانگ مارچ پر ختم نہیں ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ آپ سب تیاری کریں، سب سے بڑا لانگ مارچ کریں گے، احتجاج کرنے والے مظاہرہ ختم کر دیں۔
Comments are closed.