وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو میاں چنوں کے علاقے تلمبہ میں پیش آنے والے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی۔
لاہور میں آئی جی پنجاب راؤ سردار نے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے میں 33 نامزد اور 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں سنگین جرائم اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار کی وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو واقعے کی پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 120 سے زائد چھاپے مار کر واقعے کے حوالے سے 62 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ زیرِ حراست مشتبہ افراد میں مرکزی ملزمان بھی شامل ہیں، جبکہ مزید افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب راؤ سردار کو اس ضمن میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کی ہلاکت کی طرح کا گزشتہ روز میاں چنوں میں واقعہ پیش آیا ہے جہاں مقدس اوراق کو جلانے کے الزام میں ہجوم نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
میاں چنوں کے نواحی علاقے تلمبہ میں اڈا 17 موڑ مدرسہ شاہ مقیم میں ایک نامعلوم شخص پر الزام لگایا گیا۔
الزام لگانے کے بعد ہجوم نے مذکورہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لاش کو درخت پر لٹکا دیا۔
Comments are closed.