ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد کراچی میں بلدیہ ٹاؤن، اتحاد ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند ہے۔
مذہبی جماعت کی جانب سے بلدیہ قائم خانی کالونی سے اورنگی ٹاؤن جانے والی سڑک پر احتجاج کیا جا رہا ہے، احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بند کر دیا ہے۔
کراچی کے علاقے کھارادر، برنس روڈ، اولڈ سٹی ایریا میں کہیں کہیں ہوٹل بند ہیں جبکہ سڑکوں پر پبلک و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ بھی کم نظر آ رہی ہے۔
ٹریفک پولیس نے کہا کہ کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی پر مذہبی جماعت کے کارکنوں نے احتجاج کیا، احتجاج کے باعث اطراف میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو کورنگی ڈھائی نمبر سے اطراف کی گلیوں سے متبادل راستہ فراہم کر دیا ہے۔
ادھر نواب شاہ میں چکرا بازار، مارکیٹ روڈ، سکرنڈ روڈ، قاضی احمد شہر میں بھی دکانیں بند اور ٹریفک معمول سے کم ہے۔
سجاول میں پبلک پارک، مین بس اسٹاپ سمیت تجارتی مراکز، ہوٹل اور پیٹرول پمپس بند ہیں۔
دادو میں شاہی بازار، اسٹیشن روڈ، موبائل مارکیٹ اور دیگر مقامات پر کاروبار بند ہے۔
انجمن تاجران خوشاب کے رہنماؤں نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا اور شہر میں تمام کاروبای مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔
مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکریٹری کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے ہڑتال نہیں کی گئی ہے۔
Comments are closed.