بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مہنگائی میں عزت کی زندگی گزارنا مشکل ہوچکا، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی کی ایم این اے شازیہ مری کا کہنا ہے کہ ، عزت کی زندگی گزارنا مشکل ہوچکا ہے،ماں بیٹی کا جہیز نہیں بناسکتی، باپ بچوں کو تعلیم نہیں دلا سکتا، عمران خان نیازی کونسی کرپشن کر رہا ہے جو اتنی مہنگائی بڑھ چکی ہے۔

ایم این اے شازیہ مری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں مہنگائی بڑھ چکی ہے، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، حکومت لوگوں کا خون چوس رہی ہے، لوگ بھیک مانگنے پرمجبور ہیں، جبکہ یہ کہتے ہیں سب اچھا ہے۔

شازیہ مری نے کہاکہ آدھا درجن پریس کانفرنس کرنے سے پاکستان کا بھلا نہیں ہوتا، حکومتی نمائندے اپوزیشن کو گالیاں دیتے ہیں، وزیر اعظم بجٹ کے آخری روز صرف ووٹ کرنے آتے ہیں، جبکہ زرداری صاحب بیمار ہیں پھر بھی بجٹ بحث میں شرکت کی۔

انہوں نے کہاکہ عمران نیازی، کشمیر اور سیکیورٹی معاملات کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے۔

شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی وزیر آزاد کشمیر میں لوگوں کورشوت دے رہا ہے، میں الیکشن کمیشن سے پوچھنا چاہتی ہو وہ ایکشن کیوں نہیں لیتا، جبکہ سانگھڑ میں الیکشن تھا تو ہم پر پابندی لگائی گئی۔

رہنما پی پی شازیہ مری نے کہاکہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں جو کررہی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، اس طرح کے الیکشن سےآپ فراڈ کرسکتے ہیں حقیقی الیکشن نہیں کرسکتے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.