منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کے کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 20 سوالوں پر مشتمل سوال نامہ مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے 20 سوالات پر مشتمل سوال نامہ ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر وصول کرایا ہے جبکہ بطور اپوزیشن لیڈر ان کے چیمبر میں بھی یہ سوال نامہ فیکس کروا دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کو بھجوائے گئے سوال نامے میں کہا گیا ہے کہ رمضان شوگر مل ملازمین کے اکاؤنٹس میں 2008ء سے 2018ء تک 25 ارب روپے کی ٹرانزکشن ہوئی۔
شہباز شریف سے ایف آئی اے نے اپنے سوال نامے میں کہا ہے کہ اس دوران آپ نے وکلاء کو بینکوں کے ذریعے پیسے بھیجے۔
ایف آئی اے نے صدر نون لیگ شہباز شریف کو 8 اکتوبر تک بذریعہ فیکس یا ای میل جواب بھجوانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ وہی سوالات ہیں جن کے جواب شہباز شریف نے ابھی تک جمع نہیں کروائے ہیں۔
شہباز شریف سے ایف آئی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کی جانب سے سوال نامے کا جواب نہ بھجوانے پر اگلے روز عدالت کو عدم تعاون سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
Comments are closed.