ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج کا کہنا ہے کہ کراچی میں دو سینٹرز بنائے گئے ہیں، ایک سینٹر این ای ڈی اور دوسرا ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس ہے۔
پروفیسر امجد سراج نے کہا کہ کراچی میں 20 ہزار امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں، ٹیسٹ کا دورانیہ ساڑھے تین گھنٹے رکھا گیا ہے، انٹری ٹیسٹ کا آغاز دن 11 ہوا ہے۔
پی ایم سی کے چیف کوآرڈینیٹر جواد امین کا کہنا ہے کہ سندھ میں 43 ہزار 994 امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں، جامشورو یونیورسٹی، نوابشاہ بلاول اسپورٹس کمپلیکس اور خیرپور میں سینٹر بنائے گئے ہیں۔
حیدرآباد میں لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسزمیں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ میں کل 15 ہزار 408 طلباء طالبات حصہ لے رہے ہیں۔
انٹری ٹیسٹ 329 ایم بی بی ایس، 88 بی ڈی ایس اور 100 بلاول میڈیکل کالج کی نشستوں کے لیے منعقد ہو رہا ہے۔
لاہور میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہو رہا ہے۔
ترجمان یو ایچ سی کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان پنجاب کے 8 شہروں میں قائم کردہ 25 مراکز میں لیا جا رہا ہے جس میں 83 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 28 ہزار، ملتان 18ہزار، گوجرانوالہ 7ہزار، بہاولپور میں ساڑھے 6 ہزارامیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں 12ہزار، ساہیوال 4 ہزار، سیالکوٹ اور ڈی جی خان میں ساڑھے 3، 3 ہزار امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے لیے 6 ہزار سے زائد کا نگران عملہ مقرر کیا گیا ہے، امتحانی مراکز پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکنے کے لیے دفعہ 144نافذ کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان 200 معروضی سوالات پر مشتمل ہے، ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان میں کم از کم 55 فیصد (110/200) نمبر لانا لازمی ہے جبکہ بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم 45 فیصد (90/200) نمبر لانا لازمی ہے۔
کوئٹہ میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے بلوچستان آئی ٹی یونیورسٹی کے تکتو کیمپس میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے میڈیکل کالجز کے لیے انٹری ٹیسٹ میں تقریباً 9 ہزار طلباء و طالبات شریک ہوں گے۔
انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پر بولان میڈیکل کالج، لورالائی،خضدار اور تربت میڈیکل کالجز میں داخلے مل سکیں گے۔
Comments are closed.