صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 13 مختلف تجارتی مراکز سیل کردیے گئے جبکہ 15بسوں کا چالان کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 55 ہزار روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 611 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 118 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 3 ہزار 324 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 117 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 627 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 2 لاکھ 88 ہزار 598 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 964 ہو چکی ہیں۔
Comments are closed.