پیر17؍جمادی اوّل 1444ھ 12؍دسمبر2022ء

ملتان ٹیسٹ میں چوتھے روز کا کھیل شروع

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز کا کھیل شروع ہو گیا۔

میزبان ٹیم پاکستان کے سعود شکیل اور فہیم اشرف نے جیت کے تعاقب میں چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 198رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 210 رنز پر گر گئی، چوتھے روز کھیل کی ابتداء میں ہی فہیم اشرف کو جو روٹ نے آؤٹ کیا، وہ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 76 اور محمد نواز 33 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

ملتان ٹیسٹ جیتنے کے لیے مہمان ٹیم انگلینڈ کو مزید 5 وکٹ درکار ہیں جبکہ پاکستان کو فتح حاصل کرنے کے ساتھ سیریز میں برابری کے لیے 94 رنز درکار ہیں۔

گزشتہ روز ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے تھے۔

دن کے اختتام پر سعود 54 اور فہیم اشرف 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔

انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں 66 رنز پر محمد رضوان کو بہت ہی شاندار آؤٹ سوئنگ کروا کر 30 رنز پر بولڈ کیا جبکہ بابر اعظم 67 کے اسکور پر صرف 1 رن بنا کر روبنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4وکٹ پر 198 رنز بنالیے اور اسے میچ میں فتح کےلیے مزید 157 رنز درکار ہیں۔

دوسرے اوپنر عبداللّٰہ شفیق کو 83 کے مجموعے پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، انہوں نے 45 رنز کی باری کھیلی۔

اس کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے 108 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

191 کے اسکور پر امام الحق 60 رنز پر لیچ کی گیند پر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 281 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں قومی ٹیم 202 رنز بنا سکی تھی۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.