پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 لگانے سے نواز شریف کیخلاف نااہلی سمیت دیگر کیسز بنے۔
اپنے بیان میں جاوید لطیف نے کہا کہ جب نواز شریف نے آئین توڑنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی تو مخالفت ہوئی، سپریم کورٹ نے آئین توڑنے والوں کے خلاف بڑا قدم اٹھایا ہے۔
میاں جاوید لطیف نے سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت برقرار رکھنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ آج کی عدلیہ کا بہت بڑا قدم ہے، سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے آئین شکنوں کا راستہ بند ہوگا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ادارے آئین و قانون کے مطابق کام میں آزاد ہوں گے، دعا ہے یہ سلسلہ چلتا رہے تاکہ پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چل سکے۔
جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ ادارے سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کی جدوجہد آئین اور قانون کی بالا دستی کیلئے ہے۔
Comments are closed.