جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

9 مئی مقدمات: بانی پی ٹی آئی سے 12 افسران کی ڈھائی گھنٹے تک تفتیش

9 مئی کے مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تفتیشی ٹیم نے ڈھائی گھنٹے تک تفتیش کی۔

راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کے 12 مقدمات میں شامل تفتیش کر لیا۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں 12 تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے 2 روزہ تفتیش کی اجازت دے رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی سے 9 مئی کے 12 مقدمات کی تفتیش کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی تھی۔

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی، جس میں بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے تھے جبکہ تمام 12 مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ سمیت کمرۂ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ کی استدعا خارج کرتے ہوئے عمران خان سے 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش اڈیالہ جیل میں ہی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.