جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

اسلام آباد میں 11 جنوری کو ’ٹیک ڈیسٹینیشن‘ کے عنوان سے میگا ایونٹ ہوگا، عمر سیف

نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی عمر سیف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 11جنوری کو ’ٹیک ڈیسٹینیشن‘کے عنوان سے میگا ایونٹ ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں عمر سیف نے کہا کہ فری لانسرز کی سہولت کے لیے 10 ہزار ای روزگار سینٹرز کے قیام کا اعلان ہوگا، پاکستان میں 15 لاکھ فری لانسرز باقاعدہ کام کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ فری لانسرز میں سے بیشتر کو مطلوبہ سہولیات میسر نہیں ہیں، سہولیات سے آراستہ ہر ای روزگار مرکز میں 100 لوگوں کے کام کی گنجائش ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہر مرکز میں 100 ورکنگ اسٹیشن یعنی 10 لاکھ فری لانسرز کے لیے سہولت ہوگی، یہ 10 لاکھ فری لانسرز سالانہ 10 ارب ڈالرز قیمتی زرمبادلہ کما سکیں گے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ نگراں حکومت میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے کامیاب ترین 4 ماہ رہے، انفارمیشن اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کے فروغ کے لیے 13 انقلابی اقدامات کیے گئے۔

ڈاکٹر عمر سیف کا مزید کہنا ہے کہ 4 ماہ میں ایس آئی ایف سی کی بھرپور معاونت سے اقدامات ممکن ہوسکے، اقدامات کا فائدہ عوام کو ہوگا، ملک میں سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.