پیر 20؍شعبان المعظم 1444ھ13؍مارچ 2023ء

مردم شماری ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار شہید، سیکیورٹی فورسز نے 1 دہشتگرد ہلاک کردیا

خیبرپختونخوا میں مردم شماری ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا، سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا محاصرہ کرکے ایک جنگجو کمانڈر ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک کے علاقے رغزئی میں مردم شماری کی سیکیورٹی پر مامور پولیس پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کے بھاگنے کے تمام ممکنہ راستے بند کیے۔

سیکیورٹی فورسز نے فرار دہشتگردوں کو تحصیل کلاچی کے علاقے گڑہ گل داد میں گھیرا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈر عبدالرشید عرف رشیدی ہلاک ہوگیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے آپریشن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے عزم کو سراہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.