ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ لوگوں کو جان کی نہیں سم کی پرواہ ہے، سندھ حکومت کا ویکسی نیشن کے لیے لاک ڈاون کا اعلان گیم چینجر ثابت ہوا،انہوں نے شہریوں سے ویکسی نیشن کیلیے آتے وقت ماسک لازمی پہننے کی اپیل کی۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے فریئر ہال میں پریس کانفرنس میں کہا کہ شہریوں کا شکر گزار ہوں کہ وہ گھروں سے نکل کر ویکسین لگوانے آرہے ہیں، سندھ حکومت کو ادراک ہے کہ لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے، اب کراچی کے ہر ضلع میں 24 گھنٹے کام کرنے والے سینٹر بنائےہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے کورنگی دار العلوم کا بھی دورہ کیا ہے، دارالعلوم میں بھی لوگ بڑی تعداد میں ویکسین لگوانے آرہے ہیں، آج کہتا ہوں کہ اب ویکسینیشن کو سوا دو لاکھ کو ٹچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش کرونگا کہ رش میں بھی ایس او پیز پر عمل کرسکتے ہیں، شہریوں سے کہتا تو کہ وہ ویکسین لگوانے کےلئے آتے وقت ماسک ضرور پہنیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ اندرون سندھ کے کچھ اضلاع میں کام کررہے تھے، کل فیصلہ ہوا ہے کہ ان موبائل یونٹس کو کراچی حیدرآباد میں لایا جائےگا۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ وفاق نے سیاحت کھولی تھی تو ہم نے مخالفت کی تھی، زندگی اور صحت رہے گی تو تمام معاشی سرگرمیاں ہونگی، لوگ یہاں سے سیاحت کےلئے گلگت گئے، واپسی پر کورونا مثبت ہو کر آئے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وفاق اسمارٹ لاک ڈاؤن کی بات کرتا ہے، کیا ناردرن علاقوں میں لوگوں نے ماسک پہنا ہوا تھا؟ ایس او پیز پر ملک میں عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن لگانے کے فیصلے کی ہمارے سیاسی مخالفین نے مخالفت کی، جب انکی جماعت لاہور میں سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتی ہے تو کوئی آواز نہیں اٹھتی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ جب سندھ کی بہتری کےلئے فیصلہ کیا جاتا ہے تو یہ سیاست کرتےہیں، پی ٹی آئی والے لوگوں کو ورغلاتے ہیں کہ حکومت کےفیصلے کو نہ مانو، خود کام کرتے ہیں نا کسی اور کو کام کرنے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لوگوں کوایس او پیز پر قائل کرنے کے بجائےاکسارہے ہیں، یہ شادیاں کررہے ہیں اور دعوتیں کررہے ہیں، اس شادی کےلیے کیٹرنگ والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، اس شادی کی تقریب میں کوئی کورونا کا مریض آتا تو سب کو متاثر کرتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ساری باتیں مانتے ہیں مگر دیر کرتے ہیں، یہ کہتے ہیں کہ پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے، کیا پاکستان میں مہنگائی نہیں، پتہ نہیں کونسی دنیا میں یہ رہتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کی پوری آبادی کو گھروں پرویکسین لگانےمیں کئی سال لگ جائینگے، میرے لئے نہیں اپنی اور گھر والوں کی صحت کے لئے ماسک پہنیں، ماسک کو درست طریقے سے بھی پہننا ضروری ہے، اس طرح شاید ڈیلٹا ویرنٹ پر قابو پانے میں کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے لوگوں کی ویکسن کے لئے ذہن سازی کی، 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 22 ہزار لوگوں نے ویکسین لگوائی ہے، سیاسی رہنما اور میڈیا معاشرے میں اثر رکھتے ہیں، جب لوگ ہمیں ماسک میں دیکھیں گے تو لوگ بھی اس پر عمل کریں گے۔
Comments are closed.