وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سے اسلام آباد پہنچ کر محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کی جانب سے ٹوئٹر پر مراد علی شاہ کے جنازے میں شرکت کی تصاویر جاری کی گئیں۔
سوشل میڈیا پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا 4 اکتوبر کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو لکھے خط کے بھی ہر جانب چرچے ہیں ، خط میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے گلدستہ بھیجنے اور ناساز طبیعت کے حوالے سے خیریت دریافت کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا تھا۔
خط کے مطابق ایٹمی سائنسدان نے وزیر اعظم عمران خان، پنجاب ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سے ان کی خیریت نہ پوچھنے پرمایوسی کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر قدیر نے لکھا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ میرے انتقال کی خوشخبری سننے کے منتظر ہیں جبکہ میرے صوبے، میرے شہر کے وزیراعلیٰ نے اس مشکل وقت میں مجھے یاد رکھا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ کی نیک خواہشات اور خوبصورت گلدستے کے لیے میں آپ کا بے حد مشکور ہوں، میں بہت بہتر ہوں اور ڈاکٹروں کے اطمینان کے مطابق بحالی صحت کی جانب گامزن ہوں۔
واضح رہے کہ 85 سالہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اتوار کی علی الصبح پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
ڈاکٹر قدیر کو اسلام آباد کے ایچ 8قبرستان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا ، جسد خاکی کی تدفین سے قبل گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا، مسلح افواج و پولیس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔
اس سے قبل ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خواہش کے مطابق ان کی نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹر محمدالغزالی نے پڑھائی۔
Comments are closed.