قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد یوسف کو پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔
محمد یوسف کا پہلا اسائنمنٹ 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والا انڈر 19 ایشیاء کپ اور 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والا انڈر 19 ورلڈ کپ ہو گا۔
محمد یوسف اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمے داری نبھا چکے ہیں۔
محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998ء سے 2010ء تک اپنے کیریئر میں 7530 ٹیسٹ رنز اور 9720 ون ڈے رنز اسکور کیے، انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006ء) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
اس حوالے سے محمد یوسف کا کہنا ہے کہ یہ ذمے داری سونپے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا شکر گزار ہوں، یہ ذمے داری میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈر 19 ایشیاء کپ اور انڈر 19 ورلڈ کپ میں اپنی ذمے داری نبھانے کا منتظر ہوں، یہ دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کے لیے اہم ہیں اور اُمید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
محمد یوسف کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سینئر ٹیم کے ساتھ کام کر چکے ہیں لہٰذا وہ اپنا تجربہ انڈر 19 سیٹ اپ میں بھی بروئے کار لائیں گے تاکہ انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جا سکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔
Comments are closed.