پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان زمبابوے کے خلاف جیت میں اہم کردار رہے، انہیں شاندار پرفارمنس پر مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔
قومی ٹیم کے اوپنر محمد رضوان زمبابوبے کے خلاف 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں 2 بار ناٹ آؤٹ لوٹے، انہوں نے پہلے میچ میں 82 اور تیسرے میچ میں 91 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
دوسرے میچ میں وہ 13رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ٹیم میں بابراعظم کے 41 اور دانش عزیز کے 22 رنز کے سوا کوئی خاطر خواہ پرفارمنس نہیں دے سکا، یوں ٹیم 119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 99 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اس شکست سے ٹیم کے کپتان بھی مایوس ہوگئے۔
محمد رضوان کی ٹی 20 میں آخری 11 اننگز کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے 7 مرتبہ 50 یا اس سے زائد اسکور کیے، جن میں ایک ناقابلِ شکست سنچری (104رنز) بھی شامل ہے، جو انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں اسکور کی۔
پاکستانی اوپنر نے زمبابوے کے خلاف 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوران 186 رنز بنائے، دو نصف سنچریاں اسکور کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
جنوبی افریقی سرزمین پر 4 ٹی 20 میچز میں 2 میچز میں انہوں نے 2 ناقابل شکست رہتے ہوئے نصف سنچریاں (73 اور 74 رنز) اسکور کیں جبکہ دو میں وہ صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف لاہور میں کھیلی گئی ہوم سیریز کےد وران محمد رضوان نے خوب بیٹنگ کے جوہر دکھائے ۔
انہوں نے پہلے ہی میچ میں 104رنز ناٹ آوٹ کی اننگز کھیلی، دوسرے میچ میں 51 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ تیسرے میچ میں 42 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
محمد رضوان نے لاہور میں شاندار کارکردگی سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے آخری ٹی 20 میچ میں 89 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
محمد رضوان کے ٹی 20 کیریئر پر ایک نظر ڈالی جائے تو 36 میچوں کی 28 اننگز میں 1 سنچری اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے وہ 843 رنز بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
وہ 3 بار صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ ایک بار بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ آئے، انہوں نے بیٹنگ کے دوران 78 چوکے اور 23 چھکے لگائے۔
انہوں نے ٹی 20 کے 843 رنز میں سے جنوبی افریقا کے خلاف 373، زمبابوبے کے خلاف 241 اور نیوزی لینڈ کے مقابل 132رنز بنائے ہیں۔
Comments are closed.