بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

متاثرینِ سیلاب میں ابتک 24 ارب روپے تقسیم ہو چکے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صحبت پور سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے، ملک بھر میں متاثرینِ سیلاب میں اب تک 24 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور کے دورے پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صحبت پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور کا فضائی جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں اور ادارے سب متاثرینِ سیلاب کی بحالی میں مصروف ہیں، قوم متحد ہو کر سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ پانی کھڑا ہونے سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں، جس کی جلد نکاس کی ہدایت کی ہے، متاثرینِ سیلاب کے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل معاف کر دیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 35 ارب روپے کا ریلیف دیا ہے، جن متاثرینِ سیلاب نے اگست کے بجلی کے بل ادا نہیں کیے ان کے لیٹ سر چارج ختم کر دیے گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی بتایا ہے کہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں لیے جائیں گے، اس سے 2 کروڑ 10 لاکھ صارفین کو ریلیف ملے گا۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم کو سیلاب کی تباہ کاریوں، امداد اور بحالی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صحبت پور میں سیلاب سے 1 لاکھ 90 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پورے علاقے میں سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے، وبائی امراض پھیل گئے تو انہیں کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے صحبت پور میں پینے کے پانی کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اضافی مشینری اور وسائل استعمال کر کے پانی نکالنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان نے انہیں بتایا کہ بلوچستان میں 128 سڑکیں متاثر ہوئی تھیں، جن میں سے 91 بحال ہو چکی ہیں، صوبے میں لائیو اسٹاک کی بحالی کے لیے 11 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔

صحبت پور سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سلیم کھوسہ نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ہمارا علاقہ پانی سے بھرا ہوا ہے، جس کی نکاس کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم سے شکایت کی کہ وزیرِاعلیٰ بلوچستان کی توجہ اس علاقے کی طرف نہیں ہے، امید ہے کہ اب صحبت پور کی جانب توجہ دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کے نکاس کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.