بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ ایچ ای سی کے تحت پہلا کیریئر کنیکٹ ایونٹ ایکسپو سینٹر میں27 ستمبر کو ہوگا

سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا ’’کیریئر کنیکٹ 2022‘‘ ایونٹ ایکسپو سینٹر کراچی میں منگل 27 ستمبر کو ہوگا۔

سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جس کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جا رہا تھا تاکہ ملک میں ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ روشن مسقبل کی تخلیق اور نوجوان نسل کی فلاح اور ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ طلبا کے کمپنیوں کے ساتھ رابطے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے گا اور ساتھ ہی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔

مختلف نجی و سرکاری جامعات سے فارغ التحصیل طلباء اور جامعات میں آخری تعلیمی سال میں پڑھنے والے طلباء و طالبات مختلف ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کرکے اپنی صلاحیتیں انہیں پیش کریں گے اور اپنی ملازمت کے امکانات روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن چاہتا ہے کہ کمپنیوں میں اہل، اعلیٰ تعلیم یافتہ، میرٹ پر پورا اترنے والے شاندار پروفیشنل افراد ملازمت حاصل کر سکیں۔

اس حوالے سے کیریئر کنیکٹ 2022 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے بدھ کو سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں کراچی ڈویژن کی نجی و سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع نے کی۔ 

اجلاس میں کیریئر کنیکٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور دیگر متعلقہ امور پر بحث ہوئی۔

اس موقع پر شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے چارٹر انسپکشن اینڈ ایویلیوشن کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن نے بتایا کہ ایونٹ میں 300 ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمت کے حصول کیلئے کوشاں جامعات سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو بزنس کمیونٹی کے سامنے متعارف کرانا نہایت اہم ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملکی معیشت کا بھی فائدہ ہوگا۔ 

انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں کارپوریٹ، ایجوکیشن، فیشن، میڈیا، فنانس، بینکنگ، ہیلتھ سیکٹر، فارماسیوٹیکل اور سوشل سیکٹر سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں شرکت کریں گی اور اپنے اسٹالز لگائیں گی۔ 

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے بعد اس سیریز کا اگلا ایونٹ سکھر میں منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر جامعات کے وائس چانسلرز نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کوششوں کی تعریف کی اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.