بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ماضی میں حکومت کیخلاف جو کہا ہر لفظ صحیح ثابت ہو رہا ہے، فضل الرحمٰن

اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف جو کچھ ماضی میں کہا وہ لفظ بہ لفظ صحیح ثابت ہو رہا ہے۔

پشاور میں پارٹی اجلاس سے خطاب میں فضل الرحمٰن نے کہا کہ اسمبلی سے غیر اسلامی قوانین منظور کروانے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، حکومت کے خلاف جو کچھ ماضی میں کہا لفظ بہ لفظ صحیح ثابت ہو رہا ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ مغربی تہذیب مسلط کرنے کے لیے فحاشی اور عریانی کو فروغ دیا جا رہا ہے، گھریلو تشدد کا بل اور کم عمری میں اسلام قبول کرنے پر پابندی کے اقدامات قبول نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہزاروں گھروں کے چولہے بجھا دیے ہیں، ملازمین نوکریوں سے فارغ، مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کی عزت اور وقار خاک میں ملا دی، خارجہ پالیسی کا یہ حال ہے کہ قریبی دوست ہمسایہ ممالک کو ناراض کردیا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کی روشنی میں سب سے پہلے امریکا کو طالبان کی حکومت تسلیم کرنی چاہیے، افغانستان کے بارے میں پاکستان کی خاموشی بھی معنی خیز ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.