راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقہ رحمان آباد میں لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم طلال منیر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
ملزم طلال منیر نے لاہور کی رہائشی لڑکی کو نوکری کا لالچ دینے کے بہانے راولپنڈی بلایا اور اس کے ساتھ مبینہ زیادتی کی۔
لاہور کی رہائشی لڑکی نے مقدمے کی ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ طلال منیر نے سوشل میڈیا پر نوکری کا اشتہار دیا تھا، نوکری کے سلسلے میں رابطہ کرنے پر طلال منیر نے اسے راولپنڈی بلایا۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق وہ اپنی پھپھو کے ہمراہ راولپنڈی آئی اور طلال منیر سے رابطہ کیا، طلال منیر لڑکی کو انٹرویو کے بہانے ہوسٹل لے گیا وہاں اس پر تشدد کیا۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق طلال منیر اسے ہاسٹل سے باہر لے گیا اور رحمان آباد میں واقع پُل کے قریب اس کے ساتھ زبردستی زیادتی کی۔
تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزم طلال منیر کو گرفتار کرلیا ہے۔
زیادتی کیس کی تفتیشی افسر نے جیو نیوز کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوئی ہے لیکن تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے متاثرہ لڑکی کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔
Comments are closed.