لاہور کیلئے انڈر گراؤنڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی منظوری دی گئی۔ انڈر گراؤنڈ بلیو لائن اور پرپل لائن ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی زیرصدارت لاہور میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ بلیو لائن اور پرپل لائن ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ویلنشیا سے کلمہ چوک، لبرٹی چوک، داتا دربار اور ایئرپورٹ تک انڈر گراؤنڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم قائم ہوگا۔ جبکہ اورنج لائن کے 8 بڑے اسٹیشن بھی ڈیولپ کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں پنجاب کابینہ نے محکمہ صحت میں 5 سے 15 اسکیل تک بھرتی کی منظوری دے دی۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ لاہور میں کنٹریکٹ پر بھرتیوں کی منظوری بھی دی گئی۔
کالجز میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لئے 600 آسامیوں پر بھرتیوں کے فیصلے کے ساتھ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ چولستان کے بےزمین کاشتکاروں کو اراضی کے مالکانہ حقوق کے یونٹ ریٹس میں 50 فیصد کمی کی منظوری دی گئی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اس اقدام سے چولستان کے بے زمین کاشتکاروں اور زراعت کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ کابینہ نے سفارتکاروں اور قونصلیٹ کیلئے ویلیو ایڈڈ ٹیکس استثنیٰ کی منظوری بھی دی۔
چلڈرن اسپتال لاہور، فیصل آباد اور گجرات کے اسپتالو ں میں کینسر کے علاج کی سہولت فراہم کرنے اور ملتان میں کینسر کا جدید ترین علاج سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرگودھا میں کارڈیالوجی کا اسپتال قائم کریں گے اور فیصل آباد کارڈیالوجی اسپتال میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ کابینہ نے نئے ضلع تونسہ میں نئی تحصیل وہوا کے قیام کی منظوری دے دی۔
اس کے علاوہ چیچہ وطنی، رجانہ، پیر محل، چوک اعظم لیہ تا تونسہ 207 کلومیٹر سڑک بنےگی۔ ایم فور چراغاں آباد جھنگ بائی پاس تا شور کوٹ روڈ 103 کلو میٹر سڑک بنے گی۔ جبکہ دیپالپور تا پاکپتن روڈ 75 کلو میٹر طویل سڑک بنائی جائے گی۔ دیپالپور، پاکپتن تا وہاڑی 150 کلومیٹر روڈ تعمیر ہوگی۔
سوشل سیکیورٹی اسکیم کے تحت ملازمین کی اجرت میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔
Comments are closed.