کراچی کے بعد لاہور ایئر پورٹ سے بھی حج پروازوں کا آغاز ہو گیا۔
سیرین ایئر لائن کی پرواز 200 سے زائد مسافروں کو لے کر آج صبح 5 بج کر 10 منٹ پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئی۔
لاہور ایئر پورٹ پر حجاج کرام کی روانگی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، روانگی سے قبل حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
حجاج کرام کے رشتے داروں اور ایئر پورٹ انتظامیہ نے حجاج کرام کو الوداع کیا۔
حجاج کرام سیرین ایئر لائن کی پرواز 2921 سے لاہور سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے۔
لاہور ایئر پورٹ پر حجاج کرام کی روانگی سے قبل تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں وزیرِ اعظم کے مشیرِ مذہبی امور شبیر احمد عثمانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں چوہدری صغیر حسین، عثمان شبیر میؤ، مفتی انتخاب عالم، حاجی نذیر احمد، اقرار حسین اور سابق ایم پی اے اختر حسین نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے آخر میں خصوصی دعا کروائی گئی۔
حج آپریشن کے ذریعے 42 ہزار 811 حجاج کرام مدینہ پہنچیں گے، پاکستان بھر سے مختلف پروازوں کے ذریعے 38 ہزار 419 حجاج کرام کو جدہ پہنچایا جائے گا۔
قومی ایئر لائن پی آئی اے 40 ہزار 700 حجاج کرام کو حجاج مقدس پہنچائے گی جبکہ سعودی ایئر لائن کے ذریعے 36 ہزار حجاج کرام سعودی عرب پہنچیں گے۔
ایئر بلو 2 ہزار 250 جبکہ سیرین ایئر لائن 2 ہزار 280 حاجیوں کو لے کر سعودی عرب کے لیے آڑان بھرے گی۔
لاہور سے 17 ہزار 629، کراچی سے 17 ہزار 630، اسلام آباد سے 26 ہزار 232، ملتان سے 6 ہزار 582، کوئٹہ سے 4 ہزار 50، سیالکوٹ سے 4 ہزار 484، فیصل آباد سے 3 ہزار 251، رحیم یار خان سے 468 اور سکھر سے 941 حجاجِ کرام سعودی عرب جائیں گے۔
پاکستان سے اس سال 81 ہزار 230 حاجی حج کا فریضہ ادا کریں گے۔
Comments are closed.