بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہور، 15کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ

پنجاب میں آٹے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مزید 50 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1550 سےبڑھ کر 1600 روپے ہو گئی۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ چند دن کے دوران آٹے کے تھیلے کی قیمت 1300 سے بڑھ کر 1600 روپے تک پہنچ گئی ہے، تاہم جب سے حکومت نے گندم کی نئی فصل کی امدادی قیمت 3 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا ہے اس کے بعد سے آٹے اور گندم کی قیمت بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ متعدد کاروباری افراد نے ابھی سے گندم کی قیمت 3800 روپےفی من کر دی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں 10 کلو اور 20 کلو والے سرکاری آٹے کے تھیلے کی قلت برقرار ہے، مخصوص دکانوں پر صرف 100 سے 150 تھیلے دیے جاتے ہیں، جو طلب سے بہت کم ہیں۔

اسی طرح گوجرانوالہ میں بھی گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث آٹے کی قیمت میں اضافہ ہو چکا ہے، گوجرانوالہ میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 1500 جبکہ چکی کا آٹا 110 سے 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.