بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاپتہ شخص تلاش کرنے والوں کے ساتھ مل کر خود کو تلاش کرتا رہا

ترکی: لاپتہ شخص تلاش کرنے والوں کے ساتھ مل کر خود کو تلاش کرتا رہا

ترکی

ترکی میں ایک گمشدہ شخص انجانے میں اس گروہ میں شامل ہو گیا جو اسے تلاش کرنے نکلا تھا اور اسے کئی گھنٹوں بعد معلوم ہوا کہ سب لوگ تو اُسی کو ڈھونڈنے نکلے تھے۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکی کے برسہ کے علاقے میں بیہان متلو منگل کو اپنے دوستوں کے ساتھ شراب نوشی میں مگن تھے جس کی بعد وہ قریب ہی واقع ایک جنگل کی طرف نکل گئے۔

بیہان متلو جب رات گئے گھر واپس نہ پہنچے تو ان کی اہلیہ نے مقامی حکام کو خبردار کیا کہ ان کے شوہر لاپتہ ہیں۔ چنانچہ پولیس نے کچھ لوگوں کو ان کی تلاش میں روانہ کر دیا۔

جنگل میں 50 سالہ بیہان کا ٹاکرا ان ہی کی تلاش میں نکلے ہوئے لوگوں سے ہو گیا اور وہ بھی اس گروہ کے ساتھ ہو لیے۔

مقامی چینل این ٹی وی کے مطابق ’جب امدادی کارکنوں نے بلند آواز میں بیہان کا نام پکارنا شروع کیا تو وہ بولے ’میں تو یہاں ہوں۔‘

1px transparent line

اس موقع پر امدادی کارکنوں میں سے ایک انھیں ذرا پرے لے گیا اور بیہان کا بیان ریکارڈ کیا کہ ان کے ساتھ ہوا کیا تھا۔

میڈیا کے مطابق انھوں نے پولیس والے سے التجا کی کہ انھیں زیادہ بڑی سزا نہ دی جائے کیونکہ ’میرے والد کو معلوم ہو گیا تو وہ مجھے مار ڈالیں گے۔’

اس کے بعد پولیس انھیں اپنی گاڑی میں بٹھا کر گھر تک چھوڑنے گئی۔ میڈیا کے مطابق معلوم نہیں پولیس نے بیہان متلو پر کوئی جرمانہ بھی عائد کیا یا نہیں۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.