سیالکوٹ اور کرم میں قومی اسمبلی جبکہ گوجرانوالہ اور نوشہرہ میں صوبائی اسمبلیوں کی نشست پر ضمنی الیکشن میں کہیں فائرنگ ہوئی، کہیں تلخ کلامی، تکرار، دھکم پیل اور بے نظمی کے واقعے رونما ہوئے۔
ضمنی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوچکا ہےجبکہ اپوزیشن جماعت ن لیگ نے سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کی نشست پر وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری طرف این اے 75 سیالکوٹ کے پولنگ اسٹیشن 346 میں خاتون ووٹرز کی کھلے عام مہر لگانے کی وڈیو جیونیوز نے حاصل کرلی۔
این اے 75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں شدید بے نظمی دیکھنے میں آئی، ضمنی انتخاب کے دوران حکمران جماعت پی ٹی آئی اور اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔
پولنگ اسٹیشن نمبر 347 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن لڑپڑے جبکہ ڈسکہ کلاں پولنگ اسٹیشن کے باہر بھی فائرنگ کی گئی جبکہ پی پی 51 گوجرانوالہ میں بھی کئی مقامات پر بے نظمی دیکھنے میں آئی۔
صوبائی وزیر محمود الرشید نے آج انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جس پر انہیں نوٹس جاری کردیا گیا۔
سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے دوران بعض پولنگ اسٹیشن پر صورتحال کشیدہ ہوگئی، مخالف ارکان میں تکرار ہوئی اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے گئے اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، جس کے باعث ایک دو مقامات پر پولنگ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑی۔
صبح شروع ہونے والی بدمزگی آہستہ آہستہ بڑھتی گئی۔ پہلے کورونا بیچ میں آیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولنگ روک دی گئی، پھر بات آگے بڑھ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے باہر مسلح شخص کی ہوائی فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، ہوائی فائرنگ کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنان بھی ڈسکہ کلاں پہنچ گئے۔
ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی اور الزامات کا سلسلہ جاری رہا، پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد نے ن لیگ پر فائرنگ کا الزام لگادیا۔
اس کا جواب ن لیگی رہنماؤں نے کالج روڈ پر مسلم لیگ ن کے دفتر کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے دیا۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ ٹرن آؤٹ کم کرنے کی سازش ہے، عوام باہر آئیں اور یہ سازش ناکام بنائیں۔
اس ساری صورتحال میں پولیس اپنا کوئی بھی موقف دینے سے انکار کرتی رہی۔
این اے 45 ضلع کرم اور پی کے 63 نوشہرہ پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ ختم ہوچکی ہے۔
Comments are closed.