47ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل سند ھ کے سلطان محمد نے جیت لیا۔ فائنل میں اُنہوں نے اسلام آباد کے شان نعمت کو 5 کے مقابلے میں 7 فریم سے شکست دی، فیصلہ کن معرکہ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا گیا۔
نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں سلطان محمد اور شان نعمت کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، کبھی سلطان محمد برتری حاصل کرتے تو کبھی شان نعمت۔ ایک مرحلے پر شان نعمت کو 2-4 کے اسکور سے برتری حاصل تھی مگر سلطان محمد نے عمدہ کم بیک کیا اور مسلسل 4 فریمز جیت کر نہ صرف خسارہ پورا کیا بلکہ برتری بھی حاصل کرلی۔
گیارہواں فریم شان نعمت کے نام رہا لیکن بارہویں فریم میں سلطان محمد نے حریف کو مات دے کر ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔
ایونٹ کے اختتام پر ونر اور رنرز اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، فاتح کھلاڑی سلطان محمد کو 2 لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ رنرز اپ شان نعمت کو ایک لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات میں پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے چیئرمین عالمگیر شیخ، عرفان موٹن اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نوید کپاڈیا کے علاوہ اسپانسر ادارے کے نمائندے بھی موجود تھے۔
Comments are closed.