لاہور کی سیشن کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع کردی اور ایس پی انویسٹی گیشن کو تفتیشی افسر کی حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج نے عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی اور پی ٹی آئی رہنما کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم بھی دیا۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سڑک کے کنارے پریس کانفرنس کر رہے ہیں تو ہم پر پرچہ کیوں ہوا؟ ہم ان پرچوں سے گھبرانے والے نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف 40 پرچے تو دہشت گردی کے ہیں، پی ٹی آئی کو فسطائیت کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف دہشتگردی کے 2 پرچے اسلام آباد میں کٹے جبکہ وہ وہاں تھے ہی نہیں۔
Comments are closed.