فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور دھرنے دیے گئے۔
کراچی میں تحریک لبیک پاکستان، مجلس وحدت المسلمین، سنی تحریک اور تحریک انصاف نے احتجاجی ریلیاں نکالیں، جس میں مسلم ممالک سے مظلوم فلسطینیوں کا مقدمہ عالمی سطح پر اُٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔
ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، سکھر، خضدار، واشک، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا، ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ریلی امام بارگاہ ابوالفضل سے چوک کمہاراں تک نکالی گئی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو ایک قوت بن کر فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ شیعہ علما کونسل کی جانب سے بھی سورج میانی سے چوک نواں شہر تک ریلی نکالی گئی۔
مظفر گڑھ میں فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کیلئے شیعہ علما کونسل کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیلی بمباری سے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر دنیا کی خاموشی تشویش ناک ہے۔
فیصل آباد میں آل پاکستان واپڈا ایمپلائیز پیغام یونین نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا، رحیم یار خان میں فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ اس کے علاوہ سرگودھا، چنیوٹ، ظفروال، جہلم سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا۔
حیدرآباد میں مجلس وحدت المسلمین نے فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف قدم گاہ کے باہر احتجاج کیا، سکھر میں فلسطینیوں سےاظہارِ یکجہتی کیلئے وکلا سڑکوں پر آگئے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلانے عدالتوں کا بائیکاٹ کرکےاحتجاج کیا اور ریلی نکالی۔
ٹھٹھہ، بدین، شکارپور، گھوٹکی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔
بلوچستان کے شہروں واشک، نوشکی، سہراب، خضدار میں بھی جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔
جعفرآباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں نوشہرہ، چارسدہ، ایبٹ آباد سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
Comments are closed.