بدھ 2؍ربیع الثانی 1445ھ18؍اکتوبر 2023ء

غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزارتی اجلاس میں نگراں وزیر خارجہ نے شرکت کی۔ 

ترجمان کے مطابق نگراں وزیر خارجہ نے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ اجلاس پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر بلایا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اجلاس میں غزہ کے بحران اور محصور شہریوں کی انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ترجمان کے مطابق نگراں وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور کہا اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں، جبکہ تباہی سے لوگ بےگھر ہو رہے ہیں۔ 

ترجمان نے کہا کہ جلیل عباس جیلانی نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے میں بےگناہ شہریوں کے قتل عام کی مذمت کی۔ نگراں وزیر خارجہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا اسرائیلی فوج کی جانب سے طاقت کا اندھا دھند استعمال جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہے۔

ترجمان کے مطابق نگراں وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے اسرائیل کے جرائم پر احتساب کا مطالبہ کیا۔  

نگراں وزیرخارجہ نے اسرائیل پر فوری جنگ بندی اور غزہ کے محاصرے کے خاتمے پر زور دیا اور فلسطینیوں کی گھروں سے جبری بیدخلی کی مہم کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔ 

وزیرخارجہ نے حالیہ تصادم کی بنیادی وجہ دو ریاستی حل پر عملدرآمد نہ ہونے کو قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق جلیل عباس جیلانی نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.