ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا حکومتی پالیسیز پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ تعمیراتی مافیا کو این آر او اورغریب عوام کو قرضہ کی آگ میں جھونکا جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تین سال میں لوگوں کو ایک گھر نہیں ملا اور جھوٹ 50 لاکھ گھر دینے کے بولے تھے، قرضے کی آگ میں جھونک کر کہتے ہیں عمران خان گھر دے رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری صاحب، جن چند لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اس پر پورا پاکستان شرمندہ ہے، عمران صاحب نے عوام کو گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، 3 سال میں گھرکا کرایہ دینے کے قابل نہیں چھوڑا، اب عوام کو قرض پر گھر دے کر کہہ رہے ہیں عمران صاحب گھر دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آٹا چینی بجلی گیس دوائی مافیا کی جیبیں بھرنے کے بعد تعمیراتی مافیا کی سہولتکاری جاری ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر آ کر شرائط بتائیں جس پر عمران خان نہیں بینک گھر بنانے کے لیے قرضہ دے رہے ہیں، قرضہ بینک کا ہے جو عوام کو واپس کرنا پڑے گا، جھوٹ بول رہے ہیں کہ عمران صاحب کا کیا وعدہ پورا ہورہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کے دور میں لوگ تو گھر کا کرایہ دینے کے قابل نہیں رہے، عمران صاحب قرض بینک دیں گے، گھر گروی ہوگا، آپ نے قوم کو کیا دیا؟ تین سال میں 5 کروڑ لوگ غریب ہوگئے ہیں، قرضے پر گھر کیسے لیں؟
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب40 لاکھ لوگ بیروزگاری کے عذاب میں گرفتار ہیں، قرضے پر گھر کیسے لیں؟ جو اپنی روٹی روزگار سے پریشان ہیں وہ قرض پر گھر کیسے لے گا؟ عمران صاحب آپ نے آمدن چھوڑی نہیں تو کس آمدن پر بینک عوام کو قرضہ دے گا؟
انہوں نے مزید کہا کہ فواد صاحب آپ کو وزارت اطلاعات دوبارہ نہیں ملی بلکہ سب سے جھوٹے وزیر ہونےکا تمغہ ملا ہے۔
Comments are closed.