بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عیدالاضحیٰ: صدرِ مملکت اور وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کے خصوصی پیغامات

اسلام آباد: پاکستان بھر میں مسلمان آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں اور ایسے موقع پر صدرِ مملکت اور وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو خصوصی پیغامات دئیے اور مبارک بادیں بھی پیش کیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحی پر عالم اسلام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کورونا کے عالمی امتحان میں سرخرو ہونے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں، سماجی فاصلہ رکھیں۔

عید الاضحی کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو،قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔

عید کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ، اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے، اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ایک عظیم مقصد کی خاطر قربانی دینے کا درس ہے۔

مسلم لیگ نون کے صدر محمد شہباز شریف نے عالم اسلام کو حج اور عیدالاضحٰی کی مبارک دی اور کہاہے کہ حج اس بار بھی کورونا وبا کے مصائب میں آیا ہے، اللّٰہ تعالی اس موذی مرض سے دنیا کونجات دے۔

گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے عید کے پرمسرت موقع پر کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں،اپنی خوشیوں میں بے سہارا اور غربا کو ضرور شامل کریں۔

چوہدری محمد سرور نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کیلئے قربان کشمیری، فلسطینی بہن بھائیوں کو نہیں بھول سکتے، زندگی کے آخری لمحے تک کشمیری ، فلسطینیوں کےساتھ کھڑےہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قوم کو عیدالاضحی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے، بے سہارا اوریتیموں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم باہمی رنجشیں واختلافات کو فراموش کرنےکی ضرورت ہے، جھوٹ،منافقت اورغیبت کو ہمیشہ کیلئےقربان کرنےکا عہد کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کرونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر عید سادگی سےمنانا قومی فریضہ ہے، عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، امن کیلئےجانوں کےنذرانےپیش کرنےوالےبہادرسپوتوں کوسلام ہے۔

You might also like

Comments are closed.