بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیراعظم عمران خان کا عید الاضحی کے موقع پر پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے عیدالاضحی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

عمران خان نے مزید کہاکہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم کی اطاعت اور حضرت اسماعیل کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے، آج کے دن ان عظیم شخصیتوں نے اطاعت اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل اللہ تعالی کو اتنا پسند آیا کہ اسے قیامت تک امتِ محمدی کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا جذبہ ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلی مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ   حکومت مختلف اسکیموں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچار تھا اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اب وہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری معیشت درست سمت پر آ چکی ہے۔

You might also like

Comments are closed.