پاکستان مسلم لیگ ن نے گورنر پنجاب عمر چیمہ کو آج رات تک کا وقت دے دیا۔
لاہور میں ملک محمد احمد خان، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر رہنما کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ عمر چیمہ اور عمران خان آئین شکن ہیں، عمر چیمہ صاحب! آپ کے پاس آج رات کا وقت ہے، ہوش کےناخن لیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران مجھے اس دن ایم پی اے ہونے پر شرم محسوس ہو رہی تھی، ہم کل اس کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرنے جارہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے واقعات پر ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے، اسمبلی کا عملہ پرویز الہٰی کی ہدایت پر لوٹے اٹھا کر لارہا تھا، ڈپٹی اسپیکر کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ سے سیاست نہیں ہوتی تو کوئی اور کام کرلیں، پرویز الہیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی اسپیکر اور ارکان اسمبلی پر تشدد کیا گیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پرویز الہٰی نے پرتشدد کارروائیوں اور دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کی، ان کی جانب سے تشدد کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی ویڈیو موجود ہے، پرویز الہیٰ نے اجلاس میں رخنہ ڈال کر آئین و قانون کی خلاف ورزی کی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پرویز الہیٰ نے بازو ٹوٹنے کا جھوٹا ڈرامہ کیا، میں چینلج کرتا ہوں ہمارے تشدد کرنے کے کوئی ویڈیو ہے تو سامنے لائیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ایوان میں 200 سے زائد غیر متعلقہ افراد نے داخل ہوکر ممبران پر تشدد کیا، مونس الہٰی نے ق لیگ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
Comments are closed.