ہفتہ 23؍ربیع الثانی 1444ھ 19؍نومبر 2022ء

عمران خان کو لاحق خطرات سے متعلق تھریٹ الرٹس  کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع

 اسلام آباد: پی ٹی آئی لانگ مارچ اور احتجاج کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے اپنی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دی اس تفصیلی رپورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو لاحق خطرات سے متعلق تھریٹ الرٹس بھی شامل کی گئی ہیں۔

آئی  جی اسلام آباد نے رپورٹ میں بتایا کہ پی ٹی آئی25 مئی کو بھی اپنی یقین دہانی کی خلاف ورزی کرچکی ہے اسی سلسلے میں علی امین گنڈاپور اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔

آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے وزیر داخلہ کو جان کی دھمکی بھی دی۔ ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں کارکنوں کو غلیلیں دی جارہی ہیں جب کہ شیخ رشید اور فیصل واوڈا کہہ چکے ہیں کہ یہ خونی مارچ ہو گا۔ خود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے کچھ لوگ مسلح ہیں۔

آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ واضح کر چکی کہ اجتماع کی اجازت جمہوری حق کے طور پر دی جاتی ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی کہ اجتماع قانونی حکومت کو ختم کرانے کے لیے نہیں ہو سکتا۔

ناصر اکبر خان کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احتجاج سے ڈپلومیٹک موومنٹ بھی بند ہوتی ہے لہذا ائیرپورٹ تک جانے والے راستوں پر وفاقی ایجنسیز کو اختیار دیا جائے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی مطلوبہ ضمانت دے تو کنٹینرز بھی رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ عدالتی فیصلوں کے مطابق ہی پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دی جائے۔ مطلوبہ شرائط کے مطابق احتجاج ہوا تو سکیورٹی دینے کو تیار ہیں۔

رپورٹ میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی سے فنانشل گارنٹی بھی لی جا سکتی ہے کہ کوئی نقصان نہ ہو، پی ٹی آئی مطلوبہ ضمانت دے دے تو کنٹینرز بھی رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی، عدالتی فیصلوں کےمطابق ہی پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دی جائے، مطلوبہ شرائط کے مطابق احتجاج ہوا تو سکیورٹی دینے کو تیار ہیں۔

You might also like

Comments are closed.