بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان نے معاشرے کے اندر دراڑ ڈالی، قوم کو تقسیم کیا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے معاشرے کے اندر دراڑ ڈالی، انہوں نے 4 سال لوٹ مار کے ساتھ ساتھ قوم کو تقسیم کیا۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نفرت کی سیاست کا پرچار کرتے ہیں، وہ ملک کو کئی دہائیاں پیچھے لے گئے۔ ڈھائی 3 ماہ ہوگئے، ہم نے کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جو مقدمات کیے وہ اس میں وڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرواتا ہے۔ جبکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب آج بھی عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی تقسیم کرنے میں کردار ادا کیا اوورسیز پاکستانی ہمارا ثاثہ ہیں، وہ وطن سے محبت کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں رکن پارلیمنٹ نے پاکستان اور پاکستانی اداروں پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کینیڈا سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، اگر کینیڈا کا ایک رکن پارلیمنٹ بولے گا تو جواب آئے گا، کینیڈین رکن پارلیمنٹ کی جانب سے ہمارے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو جواب دیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم کینیڈا سمیت ہر ملک کی پارلیمان کا احترام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مغرب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت اور فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی نظر نہیں آتی۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے معاملے پر مغرب کا رویہ ہمیشہ دُہرا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ملک روہنگیا میں انسانی حقوق کی خلاف وزریاں کیوں نظر انداز کرتے ہیں؟

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مغربی دنیا تھوڑی توجہ دیتی تو فلسطین اور کشمیر کے مسئلے حل ہوچکے ہوتے، جب مسلمانوں کا معاملہ آتا ہے تو عالمی ضمیر سویا ہوتا ہے۔

کشمیر اور فلسطین پر 10 فیصد بھی توجہ دی ہوتی تو آج یہ مسائل حل ہو جاتے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.