جمعرات 28؍ربیع الثانی 1444ھ 24؍نومبر 2022ء

عارف علوی آرمی چیف کی سمری کا فیصلہ ریورس نہیں کرسکتے، تجزیہ کار

سینئر صحافیوں اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی قانونی طور پر آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس پر وزیر اعظم کی ایڈوائس کی سمری ریورس نہیں کر سکتے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا کہ صدر عارف علوی قانونی طور پر اس فیصلے کو تبدیل نہیں کر سکتے وہ صرف تاخیر کر سکتے ہیں لیکن یہ بہت خطرناک ہو گا۔

انصار عباسی کا کہنا ہے کہ اب عاصم منیر اگلے تین سال کے لیے پاکستان کے آرمی چیف ہیں انہیں کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔

حامد میر کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی جتنا زور لگالیں وہ صرف اس سمری کو بیس بائیس دن تاخیر کا شکار کر سکتے ہیں ریورس نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ پتہ ہو گا کہ جب 2019 میں عاصم منیر کو آئی ایس آئی کے ڈی جی کے عہدے سے ہٹایا گیا تو سب سے زیادہ خوشی بھارت میں منائی گئی تھی۔

اس موقع پر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ صدر کا عہدہ سیاسی نہیں وہ مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں انہیں اپنا عمل بھی ایسا کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو بطور آرمی چیف تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہوں گے۔

اس حوالے سے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو سمری ارسال کر دی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.