پیر7؍رجب المرجب 1444ھ 30؍جنوری 2023ء

طالب علم سے بدسلوکی، اسکول کی رجسٹریشن معطل، جرمانہ عائد

طالبِ علم سے بدسلوکی کے معاملے کی انکوائری کے بعد سوِلائزیشن اسکول کی رجسٹریشن معطل کردی گئی جبکہ اس پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔ 

کراچی کے علاقے ناظم آباد کے ایک نجی اسکول میں طالب کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے پر محکمہ تعلیم سندھ کی انکوائری مکمل ہوگئی۔ 

نجی اسکولوں کے ڈائریکٹوریٹ کی پانچ رکنی کمیٹی نے انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کردی۔ کمیٹی کی طرف سے اسکول پرنسپل اور والدین کے بیان قلم بند کیے گئے۔

کراچی کے نجی اسکول میں اردو بولنے پر طالبعلم کے منہ پر کالا رنگ لگانے والے استاد کو اسکول سے فارغ کر دیا۔

انکوائری مکمل ہونے کے بعد سوِلائزیشن اسکول کی رجسٹریشن معطل کردی گئی جبکہ اس پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ نجی اسکول میں اردو میں بات کرنے پر طالب علم کے منہ پر کالک لگادی گئی تھی۔ 

خیال رہے کہ وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار شاہ نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کے احکامات جاری کیے تھے۔

وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کے مطابق سیکھنے کے عمل میں مادری زبانیں بولنے پر کسی بھی بچے پر جبر نہیں کیا جا سکتا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں والد نے شکایت کی تھی کہ اس کے بیٹے کو انگریزی نہ بولنے پر سزا دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا صوبے کے بچوں کا قانونی حق ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسکول کی رجسٹریشن معطلی پر زیر تعلیم طالب علموں کی تعلیم پر اثر نہیں پڑے گا۔

دوسری جانب معلوم ہوا کہ سوِلائزیشن اسکول نارتھ ناظم آباد نے منہ پر کالک لگانے والے استاد کو ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.