رمضان المبارک کی آمد پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو مبارکباد دی اور عوام الناس پر ماہِ صیام میں کورونا ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مہینہ محتاط انداز میں زندگی گزارنے کی تربیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ شدید اور خطرناک ہے، کورونا سے اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے پرہیزگاری کی صفت اپنانا ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ علما و مشائخ کی مشاورت سے طے کردہ نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علماء کی ہدایت کے مطابق نماز کی ادائیگی کے دوران 3 فٹ کا فاصلہ رکھیں، وضو گھر پر کریں اور جائے نماز ساتھ لے جائیں، غیرضروری طور پر سماجی میل ملاپ سے پرہیز کرنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روزے میں دوسروں کا احساس اور ہمدردی کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت عالم انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے، رمضان المبارک میں ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال بھی رکھنا ہے۔
Comments are closed.